ڈرو اللہ کی دھمکیوں سے جیسا کہ ڈرنا چاہئے

ڈرو اللہ کی دھمکیوں سے جیسا کہ ڈرنا چاہئے
محی الدین غازی
ہمیشہ ہمیش جہنم میں رہنا سب سے بڑی دھمکی ہے، اس سے بڑی دھمکی کوئی اور نہیں ہوسکتی۔ قرآن مجید میں کفر کرنے والوں کے سلسلے میں یہ دھمکی بار بار آئی ہے، اس کے علاوہ اللہ پاک نے جگہ جگہ کہیں خاص گناہوں کے سلسلے میں اور کہیں عام گناہوں کے سلسلے میں بھی صاف صاف یہ دھمکی دی ہے کہ جو ان گناہوں کا ارتکاب کرے گا وہ جہنم میں جائے گا اور ہمیشہ جہنم میں رہے گا۔
اللہ کی وعیدوں کو پڑھتے ہوئے کامل یقین ہونا چاہئے کہ اللہ نے دھمکی دی ہے تو وہ ضرور پوری ہوسکتی ہے، ان گناہوں کے ارتکاب کرنے والے کو اگر اللہ نے معاف نہیں کیا تو وہ ضرور ہمیشہ کے لئے جہنم میں رہ سکتا ہے۔ اللہ کس کو معاف کرے گا یہ کسی کو معلوم نہیں ہے، وہ کسے جہنم میں ہمیشہ کے لئے ڈال دے گا یہ بھی کسی کو معلوم نہیں ہے۔ بندوں کو صرف اس کی فکر ہونی چاہئے کہ اللہ نے گناہوں کی پاداش میں بھی ہمیشہ کے لئے جہنم میں ڈال دینے کی صاف لفظوں میں دھمکی دی ہے، اور اس دھمکی کے پورے ہوجانے کا پورا پورا امکان ہے۔ اس لئے اس دھمکی سے اسی طرح ڈرا جائے جس طرح اس سے ڈرنے کا حق ہے۔
یہ دعوی کرنا کہ اللہ کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنی دھمکیوں کو ضرور پورا کرے، اللہ کے حضور حد ادب کے خلاف ہے، دھمکی کو پورا کرنا دھمکی دینے والے کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے وہ چاہے تو پوری کرے اور چاہے تو معاف کردے، دھمکی پوری نہ کرنا اور معاف کردینا نہ تو اللہ کی شان کے منافی ہے اور نہ ہی ہمارے تصور اخلاق کے خلاف ہے۔
تاہم ایسی صاف صاف دھمکیوں کے ہوتے ہوئے یہ کہنا کہ ان گناہوں کا ارتکاب کرنے والا اگر مسلمان ہے تو جہنم میں ہمیشہ کے لئے ہرگز نہیں جائے گا خود کو بدترین خوش فہمی میں ڈالنا اور شدید ترین خطرے سے دوچار کرنا ہے۔
اللہ کی دھمکیوں کا ایسا کوئی مطلب نہیں نکالنا چاہئے اور ایسی کوئی تاویل نہیں کرنی چاہئے جس سے ان دھمکیوں کی شدت کم ہوجاتی ہو، اور کسی طرح کی خوش گمانی پیدا ہوسکتی ہو، اور آخرت جیسے خطرناک ترین معاملے میں تو اطمینان کی حالت سے کہیں بہتر ڈر اور خوف کی حالت ہے۔
اللہ کی دھمکیوں سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے سچی توبہ۔ اللہ کی دھمکیوں سے بچنے کا راستہ تاویلوں میں نہیں ڈھونڈنا چاہئے، توبہ اور استغفار میں ڈھونڈنا چاہئے۔
یہاں کچھ قرآنی آیتوں کا ترجمہ درج کیا جاتا ہے، انہیں پڑھیں، ان آیتوں کا کسی بھی زبان میں کسی بھی عالم کا ترجمہ پڑھیں، اور پھر سوچیں اور دیر تک سوچیں کہ یہ آیتیں کیا کہہ رہی ہیں۔
"جو بھی بدی کمائے گا اور اپنی خطا کاری کے چکر میں پڑا رہے گا، وہ دوزخی ہے اور دوزخ ہی میں وہ ہمیشہ رہے گا" (البقرۃ81)
"اللہ نے تجارت کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام لہٰذا جس شخص کو اس کے رب کی طرف سے یہ نصیحت پہنچے اور آئندہ کے لیے وہ سود خوری سے باز آ جائے، تو جو کچھ وہ پہلے کھا چکا، سو کھا چکا، اس کا معاملہ اللہ کے حوالے ہے اور جو اِس حکم کے بعد پھر اسی حرکت کا اعادہ کرے، وہ جہنمی ہے، جہاں وہ ہمیشہ رہے گا" (البقرۃ 275)
(وراثت کے احکام بیان کرنے کے بعد) "یہ اللہ کے حدود ہیں، اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اسے وہ جنتوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے، اور یہ بڑی کامیابی ہے۔ اور جو اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کے حدود سے تجاوز کرے گا، وہ اسے آگ میں ڈالے گا جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس کے لئے رسوا کن عذاب ہے"۔ (النساء13-14)
"اور جو کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کی جزا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اس پر اللہ کا غضب اور اس کی لعنت ہے اور اللہ نے اس کے لیے سخت عذاب مہیا کر رکھا ہے"۔ (النساء 93)
(رحمان کے بندے وہ ہیں) "جو اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے، اللہ کی حرام کی ہوئی کسی جان کو ناحق ہلاک نہیں کرتے، اور نہ زنا کے مرتکب ہوتے ہیں، یہ کام جو کوئی کرے وہ اپنے گناہ کا بدلہ پائے گا، قیامت کے روز اس کو مکرّر عذاب دیا جائے گا اور اسی میں وہ ہمیشہ ذلت کے ساتھ پڑا رہے گا" (الفرقان 68-69)
"جن لوگوں نے بُرائیاں کمائیں ان کی بُرائی جیسی ہے ویسا ہی وہ بدلہ پائیں گے، ذلّت ان پر مسلّط ہو گی، کوئی اللہ سے ان کو بچانے والا نہ ہو گا، ان کے چہروں پر ایسی تاریکی چھائی ہوئی ہو گی جیسے رات کے سیاہ پردے ان پر پڑے ہوئے ہوں، وہ دوزخ کے مستحق ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے" (یونس 27)
"جو لوگ بس اِسی دنیا کی زندگی اور اس کی خوش نمائیوں کے طالب ہوتے ہیں ان کی کار گزاری کا سارا پھل ہم یہیں ان کو دے دیتے ہیں اور اس میں ان کے ساتھ کوئی کمی نہیں کی جاتی، مگر آخرت میں ایسے لوگوں کے لیے آگ کے سوا کچھ نہیں ہے (وہاں معلوم ہو جائے گا کہ) جو کچھ انہوں نے دنیا میں بنایا وہ سب ملیامیٹ ہو گیا اور اب ان کا سارا کیا دھرا محض باطل ہے" (ھود 15-16)
"دیکھو ﻇالموں کی طرف ہرگز نہ جھکنا ورنہ تمہیں بھی (دوزخ کی) آگ لگ جائے گی اور اللہ کے سوا اور تمہارا مددگار نہ کھڑا ہو سکے گا اور نہ تم مدد دیئے جاؤ گے" (ھود 113)
"اور جو بُرائی لیے ہوئے آئے گا، ایسے سب لوگ اوندھے منہ آگ میں پھینکے جائیں گے کیا تم لوگ اس کے سوا کوئی اور جزا پا سکتے ہو کہ جیسا کرو ویسا بھرو" (النمل90)
"بھلا کہیں یہ ہو سکتا ہے کہ جو شخص مومن ہو وہ اُس شخص کی طرح ہو جائے جو فاسق ہو؟ یہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے، جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں اُن کے لیے تو جنتوں کی قیام گاہیں ہیں، ضیافت کے طور پر اُن کے اعمال کے بدلے میں، اور جنہوں نے فسق اختیار کیا ہے اُن کا ٹھکانا دوزخ ہے جب کبھی وہ اس سے نکلنا چاہیں گے اسی میں دھکیل دیے جائیں گے اور ان سے کہا جائے گا کہ چکھو اب اُسی آگ کے عذاب کا مزا جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے" (السجدۃ 18-20)
قرآن مجید میں یہ اور ایسی بہت سی اور وعیدیں ہیں، ان وعیدوں میں اتنی شدت ہے کہ پہاڑ خوف سے ریزہ ریزہ ہوجائیں، اور آسمان ڈر کے مارے پھٹ پڑیں۔ اگر ایک انسان ان وعیدوں کی اصل شدت کو محسوس کرلے تو جسم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں، دل دہل جائے اور وہ کبھی گناہوں کے قریب نہیں پھٹکے۔ یہ وعیدیں ہر طرح کی جھوٹی امیدوں اور غلط خوش گمانیوں کو جڑ سے ختم کردینے والی ہیں۔ یہ وعیدیں انسانوں کے اندر بڑے سے بڑے گناہ سے بچنے کی قوت پیدا کرتی ہیں۔ ان وعیدوں کو اسی طرح محسوس کرنا جس طرح وہ بیان کی گئی ہیں انسان کے حق میں بہتر ہے، اور یہی قرآن مجید کی تلاوت کرنے کا صحیح طریقہ ہے۔
شدید افسوس کا مقام ہے کہ آج ایمان کا دعوی کرنے والے بھی گناہوں کی کیچڑ میں سر سے پیر تک بری طرح لت پت نظر آتے ہیں۔ انہیں اللہ کی وعیدوں کی اصل شدت کو محسوس کرانا اور ساتھ ہی سچی توبہ کا راستہ دکھانا اس صورت حال کا وہ علاج ہے جو قرآن مجید پیش کرتا ہے۔
بلاشبہ یہ وعیدیں اس لئے نہیں ہیں کہ ان کی بنیاد پر لوگوں کے لئے جہنم کے پروانے جاری کئے جائیں۔ جہنم میں جانے اور نہ جانے کا فیصلہ تو اللہ خود اپنی مرضی سے صادر فرمائے گا۔ یہ وعیدیں اس لئے ہیں کہ ان سے ڈرا جائے اور ان سے ڈرایا جائے۔ اور جو اللہ کی کتاب پر ایمان رکھتے ہیں انہیں ان دھمکیوں سے سب سے زیادہ ڈرنا چاہئے۔ "بے شک تمہارے رب کا عذاب بے خوف ہونے کی چیز نہیں ہے"۔ [المعارج:28]

برائی سے ضرور روکو، مگر اختلاف نہ بڑھاؤ

برائی سے ضرور روکو، مگر اختلاف نہ بڑھاؤ
محی الدین غازی
مرحوم شیخ بن باز ایک جگہ بڑی درد مندی کے ساتھ لکھتے ہیں: ’’مجھے خبر ملی ہے کہ افریقہ اور دوسرے مقامات کے بہت سے مسلمانوں میں اس بات کو لے کر آپس میں کافی دشمنی اور دوری پیدا ہوگئی ہے کہ نماز میں رکوع کے بعد ہاتھ باندھے جائیں، یا چھوڑ دئے جائیں، بلاشبہ یہ خود ایک برائی ہے جس کا ارتکاب انہیں نہیں کرنا چاہئے‘‘۔
امت کے اختلافات میں شدت آجاتی ہے جب اختلافی مسائل میں ایک دوسرے پر سختی کے ساتھ نکیر ہونے لگتی ہے۔ اور اگر اختلافی مسائل میں ایک دوسرے پر نکیر نہ ہو، تو اختلافی مسائل کے ساتھ بھی سب کی زندگی بڑے اطمینان کے ساتھ گزرتی رہتی ہے، اور ان سے کسی کو الجھن یا پریشانی محسوس نہیں ہوتی ہے۔
اسلامی امت کے عظیم اماموں نے اس مسئلے کی نزاکت کو بہت پہلے محسوس کرلیا تھا، چنانچہ انہوں نے منکر کے انکار کی شرطیں طے کرتے ہوئے، اس بات پر زور دیا اور یہ ضابطہ طے کیا کہ اختلافی مسائل میں ایک دوسرے پر نکیر نہیں ہونی چاہئے۔
امام سفیان ثوری سے منقول ہے: ’’جب تم دیکھو کہ آدمی ایک کام کررہا ہے، اور اس کام کے صحیح اور غلط ہونے میں اختلاف ہے، اور تمہاری رائے میں وہ کام غلط ہے، تو تم اسے مت روکو‘‘۔ (حلیۃ الأولیاء)
امام نووی لکھتے ہیں: ’’علماء کا طریقہ یہ رہا ہے کہ جس چیز کے منکر ہونے پر اجماع ہوتا ہے، اس پر وہ نکیر کرتے ہیں، اور جس کے سلسلے میں اختلاف ہو اس میں وہ نکیر کے قائل نہیں ہیں‘‘۔
امام غزالی لکھتے ہیں: ’’ضروری ہے کہ جس امر پر نکیر کی جائے اس کا منکر ہونا اجتہاد کے بغیر معلوم ہو، غرض اجتہادی مسائل میں نکیر نہیں کی جائے گی‘‘۔
مالکی فقہاء نے اپنی کتابوں میں امر بالمعروف اور نھی عن المنکر کے ضابطوں پر بڑے اہتمام سے گفتگو کی ہے، وہ یہ ضابطہ خصوصیت کے ساتھ ذکر کرتے ہیں کہ منکر کو مٹانے کی کوشش اس وقت ہونی چاہئے جب کہ اس کے حرام ہونے پر اجماع ہو، یا اس کے حرام ہونے کے مقابلے میں حرام نہ ہونے کی دلیل بہت کمزور ہو۔
امام ابن تیمیہ اور امام ابن قیم کو اس عام رائے سے قدرے اختلاف ہے، ان کا یہ ماننا ہے کہ اگر کوئی عمل سنت یا اجماع کے خلاف ہو تو اس پر نکیر کی جائے گی، اور اگر ایسا نہیں ہے، اور اس مسئلے میں کوئی سنت یا اجماع نہیں ملتا ہے اور اجتہاد کی گنجائش موجود ہے تو نکیر نہیں کی جائے گی۔ غرض اتنا تو یہ بھی مانتے ہیں کہ ہر اختلافی مسئلہ کو معروف اور منکر کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے۔
اس امر پر سب کا اتفاق ہے کہ اگر کوئی اجتہادی معاملہ ہے، اس میں سنت کی واضح رہنمائی نہیں ہے، اور اس مسئلہ میں امت کے اہل علم میں اختلاف رہا ہے، اور اس مسئلے میں آپ ایک عمل کو درست سمجھتے ہیں، اور دوسرے عمل کو درست نہیں سمجھتے ہیں، تو آپ جس عمل کو درست سمجھتے ہیں، اسے شوق سے اختیار کریں، مگر دوسرا شخص اگر دوسرے عمل کو اختیار کرتا ہے، تو اس پر نکیر مت کریں۔
سلف صالحین کی طرف سے دی گئی یہ رہنمائی امت کے اختلافات کی شدت کو کم کرنے میں بہت معاون ہوسکتی ہے۔
اس رہنمائی کے بہت بڑے فائدے ہیں، ایک فائدہ یہ ہے کہ اگر تمام لوگ ایسے کاموں سے روکنے پر اپنی توجہ اور کوشش مرکوز کردیں گے جن کے منکر ہونے میں آپس میں کوئی اختلاف نہیں ہے، تو منکرات کے خلاف کوششیں طاقت ور اور تیز تر ہوجائیں گی، امر بالعروف اور نہی عن المنکر کے فریضے کو امت بہت خوبی کے ساتھ انجام دے سکے گی۔
دوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس طرح چھوٹے منکرات کے مقابلے میں بڑے منکرات کے خلاف کوششیں بڑھ جائیں گی۔ کیونکہ جن کاموں کے منکر ہونے پر اتفاق ہے وہ عام طور سے سب کے نزدیک بڑے منکرات ہیں، اور جن کاموں کے منکر ہونے پر اختلاف ہے، وہ جن کے نزدیک منکر ہوتے ہیں، ان کے نزدیک بھی زیادہ تر چھوٹے ہی منکر ہوتے ہیں۔
تیسرا فائدہ یہ ہے کہ اس طرح امت کے باہمی اختلافات کم ظاہر ہوں گے، اور برائیوں کے خلاف امت کا مشترکہ موقف زیادہ واضح ہوکر سامنے آئے گا۔ ہوتا یہ ہے کہ جب کسی اختلافی مسئلہ میں ایک دوسرے پر نکیر کی جاتی ہے، تو چونکہ ہر ایک اپنے موقف کو درست سمجھتا ہے، اس لئے اس کا دفاع بھی کرتا ہے، اور اس طرح نکیر اور دفاع کا یہ سلسلہ رکتا نہیں ہے بلکہ روز بروز شدت اختیار کرتا جاتا ہے، اور امت کے اختلافات بڑھتے چلے جاتے ہیں۔
اختلافی امور کے سلسلے میں مالکی فقہاء کے یہاں ایک اور حکیمانہ رہنمائی ملتی ہے، وہ یہ کہ اگر کسی اختلافی مسئلہ میں دونوں طرف برابر درجے کی دلیلیں ہوں اور آپ کسی کو اس کام سے روکنا ہی چاہتے ہوں جسے آپ درست نہیں سمجھتے تو بہت نرمی کے ساتھ اس کے سامنے اپنی بات رکھیں، نہ تو نکیر کا لہجہ ہو اور نہ سرزنش کا اسلوب ہو۔ أُرْشِدَ لِلتَّرْكِ بِرِفْقٍ مِنْ غَيْرِ إنْكَارٍ وَلَا تَوْبِيخٍ
افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ مسلمانوں میں ایک دوسرے پر نکیر زیادہ تر اختلافی اور اجتہادی مسائل کو لے کر ہوتی ہے، جن معاملات میں سب کی رائیں درست ہوسکتی ہیں ان معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ بدترین تشدد کا برتاؤ اختیار کیا جاتا ہے، جہاں گفتگو کا لہجہ بے حد نرم ہونا چاہئے وہاں نہایت سختی کا اظہار کیا جاتا ہے، جن موضوعات پر خالص علمی اور تحقیقی گفتگو ہونی چاہئے انہیں انتہائی جذباتی رنگ دے دیا جاتا ہے۔
اور شیطان قریب ہی کھڑا مسکراتا ہے، کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے علم بردار کس طرح اختلافی مسائل میں باہم دست وگریباں ہیں اور شیطان کی سرپرستی میں ہر طرح کی برائیوں کا کاروبار خوب اطمینان کے ساتھ دن کے اجالے اور رات کے اندھیرے میں زور وشور سے چل رہا ہے، اس گندے کاروبار پر کسی کو نکیر کرنے کی فرصت نہیں ہے۔
کیا یہ عجیب بات نہیں ہے کہ مسلم سماج میں مسجد والوں کے آپسی جھگڑوں کا تو خوب چرچا ہوتا ہے، مگر مسجد والوں کے شراب خانے والوں سے کسی معمولی اختلاف کی کوئی خبر کبھی سننے میں نہیں آتی۔

تعمیر وترقی کے قرآنی اصول

تعمیر وترقی کے قرآنی اصول

محی الدین غازی

قرآن مجید کتاب ایمان ہے، وہ دل کو ایمان ویقین عطا کرتا ہے۔
قرآن مجید کتاب عمل ہے، وہ زندگی کو بہترین عمل سے آراستہ کرتا ہے۔
قرآن مجید کتاب حکمت ہے، وہ عقل کو آزادی اور توانائی عطا کرتا ہے۔
قرآن مجید کتاب دعوت ہے، وہ بہترین داعی اور ممتاز مربی بناتا ہے۔

یہ چاروں اوصاف انسانوں کی زندگی میں نظر آنے لگیں تو گویا زندگی میں قرآن مجید ظہور پذیر ہونے لگا، اور اگر یہی نظر نہیں آئے تو گویا قرآن مجید کا نہ دل پر نزول ہوا اور نہ زندگی میں ظہور ہوا۔

بندگی کا جذبہ ایمان سے پیدا ہوتا ہے، اور ایمان کی قوت کا سرچشمہ قرآن مجید ہے۔ قرآن مجید بتاتا ہے کہ کن چیزوں پر کیا ایمان لانا ہے، وہ یہ بھی بتاتا ہے کہ کس درجے کا ایمان لانا ہے، وہ یہ بھی بتاتا ہے کہ ایمان والوں کی زندگی کیسی ہوتی ہے، اور وہ یہ بھی بتاتا ہے کہ ایمان کیسے بڑھتا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کی آیتوں کو سننے سے ایمان بڑھتا جاتا ہے، اور ایک چنگاری سے شعلہ بن جاتا ہے۔ قرآن مجید فلسفہ اور کلام کی غیر ضروری بحثوں سے بچاتے ہوئے، یقین کی بلند منزلوں کی سیر اور ایمان کی بلند چوٹیوں کو سر کراتا ہے۔ قرآن مجید وہ ایمان مانگتا ہے اور عطا بھی کرتا ہے جو غفلت کو قریب نہ پھٹکنے دے، جو بخل اور بزدلی سے آزاد کردے، جو اللہ کو سب سے زیادہ محبوب اور اللہ کی مرضی کو سب سے زیادہ پسندیدہ بنادے، جو اللہ کے دین کو اللہ کے بندوں تک پہونچانے کے لیے بے قرار کردے، قرآن مجید اس ایمان کی تعلیم دیتا ہے جو انسان کے قد کو بلند کرے، اس کے ظرف کو وسیع کرے، اس کے اندر خیر سے محبت اور برائی سے نفرت پیدا کرے، اور اس کے دل میں اللہ کی بندگی، بندوں کی خدمت اور صالحین میں شمولیت کا شوق پیدا کرے۔

قرآن مجید میں اچھے عمل کو جس قدر اہمیت دی گئی ہے، وہ کہیں نہیں ملتی ہے، عمل کو نجات اور کامیابی کے لیے شرط بھی قرار دیا گیا ہے، اور اسے نجات اور کامیابی کا ضامن بھی بتایا گیا ہے۔ قرآن مجید یہ بحث کہیں نہیں چھیڑتا کہ ایمان کے بغیر عمل یا عمل کے بغیر ایمان کی کیا وقعت ہے۔ ایسی بحثیں قرآن مجید کے بنیادی مشن کو مجروح کرتی ہیں، قرآن مجید کا مقصود باایمان اور باعمل فرد کی تیاری ہے، بے ایمان یا بے عمل کا انجام آخرت میں کیا ہوگا اس سے قطع نظر، یہ بات یقینی ہے کہ وہ قرآن مجید کے سائے میں تیار ہونے والا انسان نہیں ہے، قرآن مجید میں اس کے لئے نہ کوئی وعدہ ہے، اور نہ کوئی بشارت ہے۔ قرآن مجید میں کوئی ہلکا سا اشارہ بھی نہیں ہے جو ایمان اور عمل میں سے کسی ایک کے بغیر نجات اور کامیابی کی گنجائش بتاتا ہو۔ قرآن مجید میں ایمان اور عمل ہمیشہ ساتھ ساتھ چلتے ہیں، کسی ایک پر زیادہ زور دینے سے دوسرے کی اہمیت کم ہوسکتی ہے، قرآن مجید میں ہر جگہ دونوں کی اہمیت برابر نظر آتی ہے۔ قرآن مجید میں نہ ایمان کے اضافے کی کوئی آخری حد بتائی گئی ہے، اور نہ عمل کے ذخیرے کی کوئی آخری حد بتائی گئی ہے۔ ایمان کا مسلسل بڑھتے رہنا بھی عین مطلوب ہے، اور عمل کا بہتر سے بہتر اور زیادہ سے زیادہ ہوتے رہنا بھی عین مطلوب ہے۔

قرآن مجید میں عقل کے اطمینان کا سامان کیا گیا، عقل کو استعمال کرنے کی تاکید کی گئی، غور وفکر پر ابھارا گیا ہے، غوروفکر نہیں کرنے پر مذمت کی گئی ہے، غوروفکر کے لیے مناسب ترین ماحول فراہم کیا گیا ہے، غوروفکر کے راستے کی رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے، بہتر طریقے سے غوروفکر کرنے کی تربیت کا انتظام رکھا گیا ہے، اور قرآن مجید کو غور وفکر کا ایسا زبردست میدان بنا دیا گیا ہے، جہاں غور وفکر کے بے شمار مواقع ہیں، اور جہاں سے غور وفکر کے بہت سے میدانوں کی راہ بھی ملتی ہے۔ قرآن مجید میں کہیں عقل کی مذمت نہیں ہے، ہر جگہ عقل کی تعریف ہے، کہیں عقل کے استعمال پر قدغن نہیں ہے، عقل کو استعمال کرنے کی پوری آزادی ہے، قرآن مجید نے عقل کو جتنا اونچا مقام دیا ہے، اور جتنا اہم کام دیا ہے۔ اتنا اونچا مقام اور اتنا اہم کام تو خود انسان اپنی عقل کو نہیں دے سکتا تھا۔ قرآن مجید کے کلام حق ہونے کی ایک بڑی دلیل اس کی حکمت دوستی اور عقل نوازی ہے۔

قرآن مجید کی ہر آیت دعوت وتربیت کی آیت ہے، ہر آیت دعوت وتربیت کے سفر کے لیے بہترین زاد راہ ہے، کوئی آیت خاموش نہیں ہے، ہر آیت بول رہی ہے۔ بات رکھنے کا سلیقہ، جواب دینے کا طریقہ، عقل کو مطمئن کرنے کا انداز، دل تک پیغام رسانی کا اسلوب، غرض ایک داعی اور ایک مربی کی بہترین تیاری کا سامان قرآن مجید کی سب آیتوں میں موجود ہے، مکی آیتیں داعی تیار کرتی ہیں، اور مدنی آیتیں مصلح اور مربی تیار کرتی ہیں، قرآن مجید کی آیتوں میں ایک عظیم داعی اور ایک عظیم مربی صاف دکھائی دیتا ہے، وہی قرآن مجید کا مطلوبہ داعی اور مربی ہے۔ قرآن مجید کے مطابق زندگی ہوجانے کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح کی دعوتی گفتگو اور تگ ودو قرآن مجید میں نظر آتی ہے، اسی جیسی اس انسان کی زندگی میں بھی نظر آنے لگے۔

اس وقت قرآن مجید سے ہماری بہت زیادہ دوری کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ ہمارا حال قرآن مجید کی بنیادی خصوصیات سے یکسر عاری ہے۔ خود ملامتی میرے نزدیک بھی اچھی بات نہیں ہے، لیکن اپنے حال کا صحیح تجزیہ نہ کرنا اور جھوٹ میں گوندھی ہوئی خاموشی کو اپنی زبانوں پر تھوپے رہنا اور بھی برا ہے۔ اپنے حال کو خود اپنی نگاہ کے سامنے بے نقاب کرنا اور خوش فہمی کی قبر سے خود کو باہر نکالنا ہی سمجھ داری ہے، اگر ہماری زندگی میں سمجھ داری کے لیے تھوڑی سی بھی جگہ ہے۔

ہم ایمان کا دعوی رکھتے ہیں، لیکن ایمان کی ساری خصوصیات سے محروم ہیں، ہمارے ایمان میں نہ یقین ہے نہ اطمینان ہے، نہ جذبہ ہے اور نہ تمنا ہے، نہ وہ غفلت کا پردہ چاک کرتا ہے، اور نہ ہی بدعتوں سے روکتا ہے، نہ معروف کو عام کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے، اور نہ منکر کو مٹانے کی ہمت دیتا ہے، نہ اعلان حق کی جرأت بیدار کرتا ہے، نہ آنسو کے سوتے جاری کرتا ہے، نہ کسی خطرے کا سامنا کرنے دیتا ہے، اورنہ کسی بھاری بوجھ کو اٹھانے کی ہمت پیدا کرتا ہے، ایسے کمزور ایمان کے ساتھ تو دنیا کی کوئی مہم سر نہیں کی جاسکتی ہے، بھلا آخرت کا سفر کیسے طے کیا جاسکتا ہے۔

جھوٹی امیدوں نے ہماری زندگی کو عمل بیزار بنادیا ہے، بے کاری اور بے عملی ہماری خراب پہچان بن گئی ہے، اچھے کاموں کی دوڑ میں ہم آگے نظر نہیں آتے، آسان اور تھوڑے سے اعمال کو ہم بہت کافی سمجھ لیتے ہیں، بڑے کام، بہترین کام، مشکل کام، قربانیوں والے کام، فتوحات والے کام، اللہ کو خوش کرنے والے کام، شیطان کو شکست دینے والے کام، قوموں کی امامت والے کام، مختصر یہ کہ قرآن مجید میں کثرت سے نظر آنے والے کام ہماری زندگی میں کم سے کم بھی نظر نہیں آتے ہیں۔ مزید یہ کہ عمل کے بنا جنت میں چلے جانے کا ہمیں اس قدر یقین ہے، گویا ہمیں جنت کے مالکانہ حقوق حاصل ہیں۔

ہماری عقلیں نہ کائنات کی نشانیوں پر غور کرتی ہیں، اور نہ قرآن مجید کی آیتوں میں تدبر کرتی ہیں، نہ انسانوں کے مسائل پر سوچتی ہیں، نہ اپنی عاقبت کی فکر کرتی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ہماری عقلوں کے لیے اس دنیا میں کوئی مصرف ہی نہیں ہے، ہمارے رسم ورواج، ہماری عادات ومعمولات، ہمارا رویہ، ہماری عبادتیں، ہمارے تعلقات غرض ہماری زندگی کے ہر ہر پہلو میں بے عقلی بلکہ عقل دشمنی جگہ جگہ نظر آجاتی ہے، کیا ماجرا ہے کہ قرآن مجید نے جنہیں ’’قوم یعقلون‘‘ کہا تھا وہ اس قدر ’’قوم لا یعقلون‘‘ ہوگئے۔

ہماری زندگی یوں تو ہر طرح سے جمود کا شکار ہے، مگر دعوت وتربیت کو تو ہماری سرگرمیوں میں بالکل بھی جگہ نہیں ملتی، ہم دوسروں سے متأثر اور مرعوب رہتے ہیں، اس دنیا میں ہماری حیثیت حیوان ناطق کی نہیں محض سامع کی ہے، ہم دوسروں کے بنائے ہوئے منصوبوں میں رنگ بھرنے کے کام آتے ہیں، دوسروں کے اٹھائے ہوئے ایشوز پر کام کرتے ہیں، اور دوسروں کے چھیڑے ہوئے سروں پر سر دھنتے ہیں، نہ ہم اپنے ایشوز اٹھاتے ہیں نہ اپنے سر چھیڑتے ہیں۔ غرض قرآن مجید ہم کو داعی بناتا ہے، مگر ہم مدعو بنے ہوئے ہیں، الیکشن میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کے حواری ان کا جس قدر پرچار کرتے ہیں، اتنا پرچار بھی اگر اللہ کے انصار اور رسول کے حواری نہیں کریں توپھر کیسے خیر امت قرار پائیں گے۔ مزید یہ کہ جو داعی اور مربی ہونے کے دعوے دار ہیں بسا اوقات ان کی دعوت وتربیت میں قرآن سے دوری اورلاتعلقی صاف نظر آجاتی ہے، اور کہیں سے نہیں لگتا کہ ان کی تربیت قرآن مجید کی آیتوں سے ہوئی ہے۔

قرآن مجید سے تربیت لینے والا انسان ایمان ویقین کی قوت سے مالا مال ہوتا ہے، عمل کے میدان میں سب سے آگے ہوتا ہے، عقل وحکمت کے میدان کا بہترین شہسوار ہوتا ہے، اور اپنے مشن کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتا ہے۔ یہ چار اوصاف جس گروہ میں پیدا ہوجائیں اسے عروج وترقی کے قلعے یکے بعد دیگر فتح کرنے اور دنیا کی امامت کا تاج زیب سر کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ ایسے ہی لوگ بلا شبہ اہل القرآن ہوتے ہیں، اور وہی بے شک اہل اللہ بھی ہوتے ہیں۔

گھر کے کام سب کریں، گھر میں آرام سب کریں

گھر کے کام سب کریں، گھر میں آرام سب کریں
محی الدین غازی
میرے ایک دوست کی اہلیہ کا معمول تھا جب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ ہمارے یہاں کھانے کی دعوت پر آتیں تو کھانا کھانے کے بعد کچن میں جاکر زبردستی سارے برتن دھوڈالتیں۔ ان کا ایسا کرنا ہمیں بالکل اچھا نہیں لگتا تھا، لیکن ان کے جانے کے بعد دل سے ان کے لئے دعائیں بھی بہت نکلتی تھیں۔
میری بڑی بیٹی گرمی کی چھٹیوں میں اپنے نانیہال جارہی تھی، اس نے اپنے ساتھ کھانا پکانے کے کچھ خاص سامان بھی رکھ لئے جو وہاں میسر نہیں تھے۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ نانی نانا کو نئے نئے پکوان بناکر کھلانے کا ارادہ ہے۔ مجھے اس کا یہ شوق بہت پسند آیا۔ دل سے دعا نکلی کہ اللہ ایسے پیارے شوق سے ہر دل کو آباد کرے۔
گھر اگر سکون وآرام کی جگہ ہے تو کاموں کی کبھی نہیں رکنے والی چکی بھی ہے۔ یہ چکی ہر روز چلتی رہتی ہے، مہمان نہیں آتے ہیں تب بھی چلتی ہے، اور مہمان آتے ہیں تو اور زیادہ چلنے لگتی ہے۔ بہت سے لوگ مہمانوں کو اس لئے خوش آمدید نہیں کہتے کیوں کہ مہمانوں کے آنے سے کاموں کی چکی پر لوڈ بڑھ جاتا ہے، اور زیادہ لوڈ کے ساتھ چکی چلانے کی وہ سکت نہیں رکھتے ہیں۔
کاموں کی چکی چلانے میں جتنے زیادہ لوگ شامل ہوجائیں اتنی ہی زیادہ آسانی اور روانی کے ساتھ یہ چکی چلتی ہے۔ اس لئے بہترین صورت یہ ہے کہ جس گھر میں جس وقت جتنے لوگ رہیں، سب گھر کے کاموں میں برابر کے شریک رہیں، وہ بھی جو گھر کے مستقل مکین ہیں اور وہ بھی جو کچھ دن کے لئے رہنے آئے ہیں۔ مل جل کر کام کرنے کی صورت میں سب کو کچھ نہ کچھ مشقت ضرور اٹھانی پڑتی ہے، لیکن سب کو اچھی خاصی راحت کا احساس بھی ہوتا ہے۔ راحت کا احساس مشقت کو بھلادیتا ہے۔
گھر کے کاموں میں سب کی شرکت گھر کی فضا کو خوش گوار بنائے رکھنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ گھر کا موسم بہت خراب ہونے لگتا ہے جب گھر کے کچھ افراد یہ طے کرلیں کہ انہیں صرف اپنے کام کرنے ہیں، اور گھر کے کام دوسروں کو کرنے ہیں۔ ایسے لوگوں کی وجہ سے گھر کا ماحول تناؤ کا شکار رہتا ہے۔ عورتیں ہی نہیں گھر کے مردوں کو بھی جس قدر ہوسکے گھر کے کاموں میں شریک ہونا چاہئے، اور جن مردوں کی عورتیں کام کرنے میں کچھ پیچھے ہوں ان مردوں کو کچھ اور آگے رہنا چاہئے۔
گھر کو خالص آرام کی جگہ کبھی نہیں سمجھنا چاہئے۔ جسے کچھ دن صرف آرام کرنے کی خواہش ہو، اس کے لئے اچھا اور باعزت طریقہ یہ ہے کہ کسی ہوٹل میں جاکر کچھ دن گزارلے، وہاں بس آرام ہوتا ہے، آپ بھی خوش رہتے ہیں اور آپ کو آرام مہیا کرنے والے آپ سے بھی زیادہ خوش رہتے ہیں۔ آپ بل ادا کرتے رہیں اور شوق سے جتنا زیادہ ہوسکے آرام فرماتے رہیں۔ لیکن اہل نظر اس مشورے کو بھی درست نہیں سمجھتے ہیں، ان کے نزدیک دنیا کاموں کی جگہ ہے، اور جنت آرام وراحت کی جگہ ہے، دنیا میں رہتے ہوئے آرام کے مواقع تلاش کرنے کے بجائے اچھے کاموں کی جستجو کرنی چاہئے۔
آرام کے ساتھ تفریح کرنے کے لئے کسی گھر کا انتخاب کرنا ہرگز مناسب نہیں ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو آرام ملے یا نہ ملے مگر گھر والوں کی بے آرامی میں اضافہ ضرور ہوجاتا ہے۔ اگر گھر والے آپ سے محبت اور اپنی مروت کی وجہ سے اظہار نہیں کریں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اتنی سادہ سی بات خود آپ بھی محسوس نہ کرسکیں۔ یاد رکھیں تفریح کرنے کا شوق کام کرتے ہوئے بھی پورا کیا جاسکتا ہے، اس کے لئے مکمل فارغ ہونا کوئی ضروری نہیں ہے۔ اگر آپ خود کو مہمان قرار دینے کے بجائے دوست اور شریک کار بن کر رہیں گے تو قیام کا زیادہ لطف اٹھاسکیں گے۔
یہ سوچ کہ بیٹی اپنے میکے میں آرام کرے، اور بہو اپنی سسرال میں کام کرے، بیٹی آرام کرچکے تو سسرال چلی جائے، اور بہو کام کرتے کرتے تھک جائے تو آرام کرنے میکے چلی جائے، بہت غلط سوچ ہے۔ یہ بہت سی خرابیوں کی جڑ ہے۔ صحیح بات یہ ہے کہ جس وقت جس گھر میں جتنے لوگ رہیں وہ سب مل جل کر گھر کے کام کریں۔ اور جلدی سے کام ختم کرکے سب لوگ اچھی طرح آرام بھی کرلیں۔ اس سے گھر کا ماحول سب کے لئے خوش گوار رہتا ہے۔ میکہ ہو یا سسرال یا گھر کی کوئی اور قسم، گھر کے سب لوگوں کو گھر میں اس طرح رہنا چاہئے کہ سب کا گھر سب کے لئے خوشی، سکون اور عزت کا گہوارہ بنا رہے۔
کبھی ایسا ہوسکتا ہے کہ گھر کا کوئی فرد کسی مجبوری کی وجہ سے گھر کے کاموں میں شریک نہیں ہوپائے، ایسی صورت میں اعلی اخلاق کا تقاضا ہے کہ گھر کے باقی لوگ اس کی مجبوری کا خیال کریں۔ نہ صرف یہ کہ اس کے کام اپنے ذمہ لے لیں بلکہ اس کی دل جوئی بھی کرتے رہیں، اور اس کے حال پر کوئی ایسا تبصرہ نہیں کریں جس سے اسے دوسروں پر بوجھ بننے کا تکلیف دہ احساس ہونے لگے۔
جو شخص کسی مجبوری کی وجہ سے گھر کے کاموں میں شریک نہ ہوسکے، اسے یہ احساس ضرور رہنا چاہئے کہ گھر میں کام کرنے والے سب لوگ اس کے محسن ہیں۔ اسے سب کے ساتھ احسان شناسی کا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ (دل جیت لینے والی مسکراہٹ، تکان دور کردینے والی پیاری بات، روح کو سکون دینے والی اچھی سی دعا، کوتاہیوں سے درگزر اور دل کھول کر تعریف۔۔وغیرہ)۔ اور جو شخص احسان شناسی اور شکرگزاری کا ظرف اور سلیقہ نہیں رکھتا ہو اس کے لئے مدد اور خدمت لینے کا بھی کوئی جواز نہیں ہے۔
اگر آپ کچھ کام نہیں کرسکتے ہیں، تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کوئی کام نہیں کرسکتے ہیں۔ اپنے ذمہ ایسے کام لے لیجئے جو آپ کرسکتے ہوں۔ یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ ایک خاتون کھانا بنائیں تو دوسری خاتون جو کھانا نہیں بناسکتی ہیں سب بچوں کا ہوم ورک دیکھ لیں۔
گھر اور خاندان میں بہت سی تلخیاں باتوں کو لے کر پیدا ہوتی ہیں، اور بہت سی تلخیاں کاموں کو لے کر پیدا ہوتی ہیں۔ جنہیں دوسروں کے ساتھ گزر بسر کرنے کا موقعہ ملے، خواہ وہ چند ساعتوں کا ساتھ ہو یا سالہا سال کا ساتھ ہو، انہیں ساتھ رہنے کا سلیقہ ضرور سیکھنا اور برتنا چاہئے۔ مل جل کر ایک ساتھ رہنے کا سلیقہ جنہیں آجاتا ہے وہ سدا خوش رہتے ہیں، اور ان کے دم سے دوسرے بھی خوش رہتے ہیں۔

قربانی کی چاہ اور قربانی کی شان

قربانی کی چاہ اور قربانی کی شان
محی الدین غازی
اللہ کے دین اور اس کے راستے کی ایک شان ہے، دین خدا اور راہ خدا کے لئے کچھ بھی کیا جائے یا دیا جائے شایان شان ہونا چاہئے، یہ نکتہ عرب کے ایک بدو کی سمجھ میں آیا اور خوب آیا، اس کے پاس پچیس اونٹ تھے جن کی کل زکاۃ ایک سال کا اونٹ کا ایک بچہ ہوتی تھی، زکاۃ کی وصولی پر مامور صحابیِ رسول نے جب اس سے حسب قاعدہ ایک سال کا اونٹ کا بچہ مانگا تو اس نے حیران ہوکر کہا، اللہ کے راستے میں ایک سال کا بچہ؟ یہ تو نہ دودھ دے نہ سواری کے کام آئے۔ اللہ کے راستے کے لئے لینا ہے تو بھرپور اور توانا اونٹنی لے کر جائیے۔
دل میں چاہ ہو تو صدیق اکبر جیسا ایک فرد اپنا سارا اثاثہ راہ خدا میں لاکر پیش کردیتا ہے، اور چاہ سے دل خالی ہو تو پوری قوم مل کر ایک عدد جانور قربان کرنے کو تیار نہیں ہوتی ہے۔ قرآن مجید میں بنی اسرائیل کی روداد یہی بتاتی ہے۔ سورہ بقرہ میں گائے کی قربانی کے واقعہ کو ہم بار بار پڑھتے ہیں، لیکن عموماً ہماری توجہ بنی اسرائیل کے سوالوں تک جاکر کے رک جاتی ہے اور ہم بنی اسرائیل کو ملامت کرتے ہوئے بات ختم کردیتے ہیں کہ کس قدر غیر ضروری سوالات وہ کیا کرتے تھے۔ بلاشبہ بنی اسرائیل اپنی اس عادت کے لئے قابل ملامت ہیں۔
یہ سوالات بے تکے تھے اور ایک بگڑی ہوئی قوم کے تھے جس کے لئے نبیوں کو قتل کرنا آسان تھا، لیکن مل کر ایک گائے کو قربان کرنا بار گراں تھا۔ تاہم ان سوالوں کے جوابات بڑے اہم ہیں کیونکہ وہ اللہ کے جوابات ہیں جو ایک برگزیدہ پیغمبر کے ذریعہ پہونچائے گئے ہیں۔ امت مسلمہ کے لئے بھی وہ بہت اہم ہیں، کیونکہ انہیں قرآن مجید میں قدرے تفصیل کے ساتھ امت کی نصیحت کے لئے محفوظ کیا گیا ہے۔
ان جوابوں سے نصیحت لینے کا ایک زاویہ یہ ہے کہ بندہ خدا خود کو بھی قربانی کے لئے مطلوب اس گائے کے ساتھ قربان گاہ میں کھڑا کرکے دیکھے، اور سوچے کہ اگر وہ گائے کی جگہ اپنی زندگی اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لئے پیش کرتا ہے، تو وہ اور اس کی زندگی ان جوابوں پر کتنے صادق آتے ہیں۔
پہلے سوال کے جواب میں کہا گیا کہ قربانی کی گائے نہ بالکل ہی کم سن ہو اور نہ بوڑھی ہو بلکہ درمیانی عمر کی ہو، گائے کی طرح انسان کی زندگی کے بھی تین حصے ہیں بکر، فارض اور عوان۔ کمزور بچپن، لاغر بڑھاپا اور دونوں کے بیچ کی جوانی اور توانائی سے بھرپور بہترین عمر۔ اللہ کے لئے جو اپنی زندگی وقف کرنا چاہتے ہیں، اور جو اپنی اس زندگی کو لگا کر اللہ کے دین کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں انہیں بچپن اور بڑھاپے کے درمیان کی زندگی کا انتخاب تو ضرور ہی کرنا ہوگا۔ اللہ کے حضور نہ سن رسیدہ گائے قابل قبول ہے اور نہ جوانی سے خالی انسانوں کا محض بڑھاپا۔ اس کے یہاں جوانیوں کی قربانی مطلوب ہے۔ بلاشبہ جوانی اگر خدا کی نذر کی گئی تو اس کے طفیل میں بچپن اور بڑھاپا بھی شامل ہوسکتا ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ جو اپنی جوانی اللہ کے لئے لگاتا ہے، اس کا بڑھاپا اللہ کے لئے لگانا بھی لوگوں کے لئے اچھی مثال بن جاتا ہے۔ لیکن جوانی محض کسب معاش، صرف عیش وعشرت یا بس خواب غفلت کی نذر کرکے اگر بڑھاپا قربان کرنے آئے جو خود اپنے کسی مصرف کا نہیں رہا اور جس کی خلق خدا کی نگاہ میں کوئی قدر وقیمت نہیں رہی تو اس قربانی کی اللہ کے یہاں کیا وقعت ہوگی؟
ایک سوال کے جواب میں کہا گیا کہ قربانی کی گائے اس قدر خوش رنگ ہو کہ دیکھنے والوں کے دل ونگاہ خوش ہوجائیں۔ گویا قربانی کا ایک ضروری عنصر جمال بھی ہے۔ اپنی ساری زندگی اور تمام تر توانائیاں اللہ کی راہ میں وقف کردینے والے کی ہر ہر ادا دلکش اور ’’تسرّ الناظرین‘‘ والی ہو، وہ نماز پڑھے تو مت پوچھو کہ اس کی نماز کتنی خوبصورت ہو، وہ صدقہ دے تو اس خوبصورتی سے کہ لینے والے کو ذرا تکلیف نہ ہو، اور وہ جب دین کی بات کرنے کے لئے لب کشا ہو تو گفتگو ایسی حسین ودلنواز ہو کہ سننے والوں کا دل موہ لے، غرض اس کا گفتار، اس کا کردار اور اس کی شخصیت کا ہر ہر زاویہ حسن وجمال سے بھرپور ہو۔ اس کی عبادت بھی جمیل ہو اور اس کی دعوت بھی حسین ہو۔ اللہ کے لئے کوئی کام کیا جائے تو اس میں بھونڈا پن اور پھوہڑ پن ہرگز نہیں ہونا چاہئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں کہا گیا کہ گائے لاغر اور پامال شدہ نہ ہو، اس کی صحت زمین جوتنے اور پانی کھینچنے کی نذر نہ ہوگئی ہو۔ اللہ کے دین کا کام کرنے کا جذبہ رکھنے والے بھی ایسا نہ ہو کہ اپنے بہترین اوقات اور عمدہ ترین توانائیاں زمین جوتنے اور پانی کھینچنے جیسے کاموں میں خرچ کرنے کے بعد بچھا کھچا وقت، تھکا تھکا سا دماغ اور نحیف ولاغر توانائیاں دین خدا کے لئے پیش کرنے آئیں۔ کیونکہ اس معیار کی چیزیں کوڑے دان میں تو ڈالی جاسکتی ہیں، کسی عظیم قربان گاہ میں پیش نہیں کی جاتی ہیں۔
اور یہ بات کہ گائے بے عیب ہو داعی حق کو اس کے تمام تر اخلاقی عیوب کی طرف متوجہ کرتی ہے، جانور کی قربانی میں جسمانی عیوب کی فکر کی جاتی ہے، لیکن انسانی زندگی جب اللہ کی راہ میں وقف کی جارہی ہو تو اخلاقی عیوب سے پاک رکھنے کی فکر بہت زیادہ ضروری ہوجاتی ہے۔ اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ زندگی اللہ کے دین کے لئے کتنی ہی مصروف رکھی جائے، اس کی حیثیت اس جانور کی سی ہوتی ہے جو بری طرح عیب دار ہو۔

گھر کو عزت کا گہوارہ بنائیں

گھر کو عزت کا گہوارہ بنائیں
محی الدین غازی
گھر کو سکون وراحت کی جگہ ہونا چاہئے، لیکن گھر میں رہتے ہوئے ہر شخص ہر وقت سکون، راحت اور خوشی محسوس کرے، یہ ضروری نہیں ہے۔ تاہم یہ ضروری بھی ہے اور ممکن بھی ہے کہ گھر میں ہر کسی کو ہر وقت عزت واحترام ملے۔ اور کسی کو کبھی اپنی بے عزتی کا احساس نہیں ہو۔ ہوسکتا ہے آپ گھر کے ہر فرد کو خوشی نہیں دے سکیں، لیکن گھر کے ہر فرد کو عزت واحترام ضرور دے سکتے ہیں۔
گھر کو عزت واحترام کا گہوارہ ہونا چاہئے۔ گھر کے باہر عزت واحترام کو ٹھیس پہونچانے والے بہت سے واقعات پیش آسکتے ہیں، لیکن گھر کے اندرکا ماحول ایسا عزت بخش ہو کہ آدمی گھر میں آکر محسوس کرے کہ اس کا کھویا ہوا وقار اسے واپس مل گیا، اور اس کی عزت واحترام کو لگنے والے زخم مندمل ہوگئے۔
مدد کرنا بہت اچھی بات ہے، لیکن کسی کی مدد کر کے اسے بے عزت کردینے سے بہت اچھا یہ ہے کہ اس کی مدد نہیں کی جائے اور اس کی عزت واحترام کو محفوظ رہنے دیا جائے۔ اللہ ضرورت مندوں کے لئے مدد کے بہت سے راستے کھول دیتا ہے، لیکن عزت واحترام کا جو رشتہ آپ کے اور دوسرے کے درمیان ہے، اس رشتے کی حفاظت آپ کو اور صرف آپ کو کرنی ہے۔ اگر اللہ کے فضل سے آپ کو اپنے گھر کے کسی فرد کی مدد کا موقعہ مل جائے تو اسے ایک راز کی طرح اپنے پاس محفوظ رکھئے، اور اس کا چرچا مت ہونے دیجئے۔ اس طرح آپ اس کی دوہری مدد کریں گے، اس کی ضرورت بھی پوری کردیں گے، اور اس کی عزت کا خیال بھی رکھ لیں گے۔
اگراجنبی شخص کی مدد چپکے سے کرنا افضل ہے، تو گھر کے کسی فرد کی مدد کو پوشیدہ رکھنا اور بھی زیادہ افضل ہے۔ اجنبی شخص کی مدد کا اعلان بھی ہوجائے تو اس کا منفی اثر کم ہی ظاہر ہوتا ہے، لیکن جن لوگوں کے ساتھ گزر بسر کرنی ہے، ان کی مدد کا اعلان کرنے کے نقصانات بہت زیادہ ہوتے ہیں، سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ انہیں اپنی بے عزتی کا احساس ہمیشہ ستاتا رہتا ہے۔
عزت واحترام کا ماحول بنانے کے لئے ضروری ہے کہ سب لوگ احترام کرنے کے عمل میں اپنا پورا کردار ادا کریں۔ بہنوں کی یہ خواہش بہت اچھی ہے کہ ان کے بھائی ان کے شوہروں سے عزت کے ساتھ پیش آئیں، لیکن اس کے لئے انہیں اپنے شوہروں کی عزت بھی کرنی ہوگی، اپنے بھائیوں کی عزت بھی کرنی ہوگی، اور اپنے بھائیوں کی بیویوں کی بھی عزت کرنی ہوگی۔ اسی طرح بھائی بھی اپنی بیویوں کی عزت کریں، اپنی بہنوں کی عزت کریں اور اپنی بہنوں کے شوہروں کی عزت بھی کریں، تاکہ سب لوگ عزت کے ماحول کا لطف اٹھاسکیں۔ شوہر اور بیوی دونوں ایک دوسرے کی عزت کریں، اپنے گھر والوں کی عزت بھی کریں اور ایک دوسرے کے گھر والوں کی عزت بھی کریں، اس طرح دونوں خاندانوں کے افراد کو احساس ہوگا کہ وہ ایک دوسرے کے معزز رشتے دار ہیں۔
صحیح معنوں میں عزت کرنا یہ ہے کہ آپ جس کی عزت کریں، اس کے اپنوں کی عزت بھی کریں۔ اگر آپ اپنے داماد کی عزت کرتے ہیں، اور اس کے گھر والوں کی عزت نہیں کرتے ہیں، تو یہ داماد کی بے عزتی کرنا ہے۔ اگر آپ اپنی بیوی کو اپنی پلکوں پر بٹھاتے ہیں، اور اس کی ہر فرمائش پوری کرتے ہیں، لیکن اس کے گھر والوں کی عزت نہیں کرتے تو آپ اپنی بیوی کا دل نہیں جیت سکتے ہیں۔ اگر بیوی اپنے شوہر کی عزت کرتی ہے اور دل وجان اس پر نچھاور کرتی ہے، مگر اس کے گھر والوں کی عزت کا خیال نہیں رکھتی تو حقیقت میں وہ اپنے شوہر کی عزت نہیں کرتی ہے۔
بچوں کی بہترین تربیت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ انہیں گھر کے ہر چھوٹے بڑے فرد کا احترام کرنے کی تربیت دی جائے۔ زبان سے احترام کرنے کی بڑی اہمیت ہے، لیکن اس سے زیادہ اہمیت اس کی ہے کہ دل میں عزت واحترام کو صحیح مقام ملے۔ زبان کی اصلاح وتربیت کے ساتھ ساتھ دل ودماغ کی اصلاح وتربیت بہت ضروری ہے۔
بہت سے لوگ شکایتیں کرنے کے عادی ہوتے ہیں، ہوتا یہ ہے کہ انہیں خاندان کے کچھ لوگوں سے شکایت ہوتی ہے، اور وہ اپنے دل کی تسکین کے لئے جہاں موقعہ ملتا ہے شکایتوں کا پلندہ کھول کر بیٹھ جاتے ہیں، جن لوگوں کو شکایتیں سننے میں مزا آتا ہے وہ مزے لے لے کر سنتے ہیں، بعض لوگ تو ایک ایک شکایت سو سو بار سناتے ہیں، اور سننے والے بھی ہر بار شوق سے سنتے ہیں، ان شکایتوں کے سننے اور سنانے سے گھر کا حسن تو غارت ہوتا ہی ہے، اس کا بہت خراب اثر پڑتا ہے ان بچوں پر جن کے معصوم ذہنوں پر یہ باتیں نقش ہوتی جاتی ہیں۔ غیبت وشکایت سن سن کرخاندان کے بہت سے افراد ان بچوں کے ذہنوں میں اپنا وقار کھودیتے ہیں، خاندان کے بڑے بزرگ اپنی ساری خوبیوں کے باوجود ان کے لئے نمونہ نہیں رہ جاتے، مزید یہ کہ جب بڑوں کی برائیاں وہ بڑوں کی زبان سے سنتے ہیں، تو برائیوں سے نفرت ان کے دل سے نکلتی جاتی ہے، اور وہ برائیاں دھیرے دھیرے ان کے اندر راہ پانے لگتی ہیں۔
پیٹھ پیچھے برائی کرنے میں نفس کو جتنا مزا آتا ہے، پیٹھ پیچھے تعریفیں کرنا اتنا ہی اس پر شاق گزرتا ہے۔ بہت مثالی ہوتا ہے وہ گھر جہاں لوگ جب بیٹھتے ہیں تو اپنوں پرایوں کی خوبیاں بیان کرتے ہیں، اور ان کی اچھائیوں کے تذکرے کرتے ہیں، جب گھر میں بچوں کے سامنے ان کے بڑوں کی خوبیوں اور اچھائیوں کے چرچے ہوتے ہیں، تو ان کے دلوں میں اپنے بڑوں کے لئے عزت واحترام کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اور ان کی خوبیاں اور اچھائیاں ان کے لئے مشعل راہ بنتی ہیں۔
جن لوگوں کے اندر صرف خوبیاں ہوں، اور خامیاں نہیں ہوں ان کا احترام کرنا کوئی کمال کی بات نہیں ہے۔ کمال کی بات یہ ہے کہ جن لوگوں کی خامیاں اور عیب آپ کو معلوم ہوں، آپ ان خامیوں اور عیبوں کو نظر انداز کرکے ان کا احترام باقی رکھیں۔ بہت اچھا ہے کہ گھر کے لوگوں کی خرابیوں پر پردہ ڈالا جائے، اس لئے کہ گھر میں عزت واحترام کا ماحول برقرار رہے، اور اس لئے بھی کہ گھر کا حسن وجمال باقی رہے۔
حدیث پاک میں بڑوں کے احترام اور بچوں سے شفقت کی تعلیم دی گئی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بچوں کو شفقت تودی جائے پر ان کا احترام نہیں کیا جائے، بڑوں کی طرح بچوں کے بھی جذبات ہوتے ہیں، اور جذبات اپنا احترام مانگتے ہیں۔ جس کے دل میں بچپن سے عزت واحترام کی قدروقیمت بیٹھ جائے، وہ زندگی بھر اس متاع بے بہا کی حفاظت کرتا ہے۔ جب ہم بچوں سے بڑوں کا احترام کرواتے ہیں، تو وہ احترام کرنے کے عادی تو ہوجاتے ہیں، لیکن احترام کی قدروقیمت سے واقف نہیں ہوتے ہیں۔ جب ہم بچوں کو عزت واحترام سے نوازتے ہیں تو وہ عزت واحترام کی قدروقیمت سے بھی واقف ہوجاتے ہیں۔
بہت پیارے لگتے ہیں وہ بچے جو اپنے نانیہال والوں کا اسی طرح احترام کرتے ہیں، جس طرح اپنے دادیہال والوں کا احترام کرتے ہیں، جن کی نظر میں چچا اور پھوپھی بھی محترم ہوتے ہیں، اور خالہ اور ماموں بھی محترم ہوتے ہیں، جو اپنے نانا نانی کی بھی عزت کرتے ہیں اور دادا دادی کی بھی عزت کرتے ہیں۔ ایسے صاف دل والے بچے ان ماں باپ کے آغوش میں پلتے ہیں جو دل کے صاف ہوتے ہیں، جن کے دلوں میں کسی کے لئے کدورت نہیں ہوتی ہے، اور اسی لئے وہ اپنے بچوں میں کسی طرح کی کدورت منتقل نہیں کرتے ہیں۔ اپنے گھر اور اپنے بچوں کو صاف ستھرا دیکھنے کے لئے اپنی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

تحریک کی آب وتاب، کارکنوں کی توبہ سے ہے

تحریک کی آب وتاب، کارکنوں کی توبہ سے ہے
محی الدین غازی
تحریک اسلامی کے ایک بزرگ قائد کی توبہ کا اثر انگیز واقعہ پڑھا، اس کے راوی شیخ محمد احمد راشد ہیں، بیان کرتے ہیں: ’’شیخ صالح عشماوی اخوان المسلمون کے ابتدائی ارکان میں سے تھے، ان کا شمار سابقون اولون میں ہوتا تھا، بانی تحریک امام حسن البنا کے ساتھ ایک بہترین کارکن کی حیثیت سے اچھا خاصا وقت گزارا، اور مرکزی قیادت میں شامل ہوگئے، پھر تحریک پر آزمائشوں کا دور آیا اور اسی بیچ بانی تحریک شہید کردئے گئے، امیر کی جگہ خالی ہوئی تو تحریک پر فتنوں کے کچھ سیاہ بادل چھاگئے، صداقتیں ان کی اوٹ میں چھپ گئیں، غلط فہمیوں اور بدگمانیوں نے ڈیرے ڈالے، وسوسوں کے طوفان اٹھے، اور ایک گروہ فتنوں کا شکار ہوگیا، اس گروہ نے صالح عشماوی کو اپنا لیڈر بنالیا، تحریک پر کئی مشکل برس بیتے، اور آزمائش طویل ہوتی گئی، پھر ایک وقت وہ بھی آیا جب صالح عشماوی کو اپنے کئے پر ندامت ہوئی، اور انہوں نے سچی توبہ کی ایک شاہکار مثال قائم کی۔
راوی لکھتے ہیں: ایک دن میں تحریکی ترجمان الدعوۃ کے آفس میں گیا، دیکھا فلیٹ کے دروازے پر ایک بزرگ چوکیدار، خاکساری کی تصویر بنے، خستہ سی بید کی پرانی کرسی پر بیٹھے ہیں، ان کے چہرے پر بلا کا وقار تھا، اور پیشانی پر نور دمک رہا تھا۔ میں نے سلام کیا، اجازت لی اور اندر داخل ہوگیا، وہاں ایک تحریکی ساتھی نے مجھ سے پوچھا، اس باوقار شخص کو جو چوکیدار کی جگہ پر بیٹھا ہے، تم نے پہچانا، میں نے کہا پہچانا تو نہیں مگر جاننے کی طلب ضرور پیدا ہوئی ہے۔
میرے ساتھی نے کہا یہ صالح عشماوی ہیں، توبہ کی تڑپ انہیں بے قرار رکھتی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب کچھ ضدی قسم لوگوں نے مجھے اپنا سردار بنایا تھا، اور امیر کہہ کر پکارا تھا، اس وقت نفس کو یک گونہ لطف محسوس ہوا تھا، اپنے نفس کو اس غلط احساس کی نجاست سے پاک کرنے کے لئے انہوں نے طے کیا ہے کہ اب وہ تحریک میں آخری صف کے سپاہی کی حیثیت سے زندگی گزاریں گے، ان کا اصرار ہے کہ ان کی توبہ کی تکمیل اسی طرح ممکن ہے، اس لئے انہوں نے مرکز کا چوکیدار بن کر باقی زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ اس سے کم درجے کی بھی تحریک میں کوئی جگہ ہے تو وہ اس کو دوڑ کر اختیار کرلیتے، دل میں اٹھنے والی منصب کی خواہش نے دل پر جو داغ لگادئے وہ اسی طرح انہیں دھودینا چاہتے ہیں۔
میں اس پاکیزہ روح اور بڑے دل کے بارے میں جان کر حیرت ومسرت سے ڈوب گیا۔
امیر تحریک شیخ عمر تلمسانی نے ہمیں بتایا کہ ہم نے ان کے لئے دعا بھی کی، اور انہیں دعوت بھی دی کہ وہ ہمارے بھائی بن کر دوسروں کی طرح ہماری ٹیم کا حصہ رہیں، اور اللہ تو توبہ کرنے والے کی توبہ قبول کرتا ہے، لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا، ہم نے بہت اصرار کیا، انہیں مطمئن کرنے کی بہت کوشش کی، مگر ان کا شدید اصرار ہے کہ انہوں نے اپنے لئے آخری صف میں جو جگہ متعین کی ہے اسی پر انہیں رہنے دیا جائے۔
اس واقعہ کے کئی سال بعد ایک بار امیر تحریک شیخ عمر تلمسانی نے ایک تقریر میں بڑے درد کے ساتھ کہا، شیخ صالح عشماوی نے جو توبہ کی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اگر قاہرہ کے تمام داعیان اسلام پر اسے تقسیم کردی جائے، تو سب کے لئے کافی ہوگی‘‘۔
تحریکی قیادت کے خلاف ایک محاذ کی اگوائی کرنے والے صالح عشماوی کی توبہ اور تحریک کے قائد عمر تلمسانی کی کشادہ ظرفی میں تحریکی کارکنان اور تحریکی قیادت کے لئے نصیحت کا بڑا سامان ہے۔ ایسے واقعات تحریک کے حسن وجمال میں وہ اضافہ کرتے ہیں جو فلک شگاف نعروں اور فلک نما عمارتوں سے کبھی نہیں ہوسکتا۔
ہر کارکن اپنے اندرون میں جھانکتا رہے کہ کہیں اس سے کوئی غلطی تو سرزد نہیں ہوئی ہے، تحریک کے حوالے سے بہت سنگین غلطی یہ ہے کہ تحریک سے دنیا طلبی کی کوئی خواہش وابستہ ہوجائے، غلطی کا احساس ہوتے ہی کارکن ندامت میں ڈوب کر کفارہ ادا کرنے کے لئے بے چین ہوجائے، نہ غلطی کا احساس دیر سے ہو، اور نہ توبہ کرنے میں تاخیر ہو، تحریک کے اندرونی ماحول کو ندامت وتوبہ کے لئے بہت سازگاراور حوصلہ بخش ہونا چاہئے۔
درحقیقت وہ اسلامی تحریک نہیں ہوسکتی ہے جہاں کچھ لوگ دھڑلے کے ساتھ تحریک کے وقار کو اپنے پاؤں تلے روند رہے ہوں، اور ان کے خلاف کسی طرح کی کارروائی کی کسی کو جرأت نہیں ہوتی ہو، یا جہاں غلطی کرنے والوں کے خلاف اخراج کی کارروائی ہوتی ہو، اور پھر وہ ہمیشہ ہمیش کے لئے تحریک سے الگ کردئے جاتے ہوں، یا جہاں لوگ کسی شکایت کی بنا پر استعفی دے کر نکلتے ہوں، اور یہ سمجھ کر نکلتے ہوں کہ اب ان کے لئے تحریک کے دروازے کبھی نہیں کھلیں گے۔
اسلامی تحریک میں غلطی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی بھی ہو، توبہ کرنے کے لئے سازگار اور حوصلہ بخش مواقع بھی ہوں، اور توبہ کی قدر کرنے کا کشادہ ماحول بھی ہو، توبہ کرنے اور توبہ کو سراہنے کی مثالیں بھی دیکھنے والوں کو جہاں تہاں بار بار نظر آتی رہیں، یہ ایک صحت مند اسلامی تحریک کے لئے بے حد ضروری ہے۔
جو کارکن تحریک سے کسی غلط فہمی یا بدگمانی کی بنا پر نکل جائیں، ان کی واپسی کے لئے دروازے کھلے ہوں، اور جو کارکن تحریک سے کسی غلطی کی وجہ سے نکال دئے گئے ان کے لئے اپنی اصلاح کرکے دوبارہ قافلے میں شامل ہونے کا پورا پورا موقع ہو، ایسا ہوگا تو یہ خوش گوار احساس بھی ہوگا کہ اسلامی تحریک میں اسلام کی روح موجود ہے۔ کیونکہ جہاں توبہ کا نظام، رواج اور موقعہ نہیں ہو، سمجھئے وہاں جو کچھ بھی ہو اسلام نہیں ہے، کیونکہ اسلام تو غلطی ہوجانے پر توبہ کرنے والوں کا دین ہے۔